سوال

ایک مسلمان شخص کے پاس تبلیغی جماعت والے گئے اور پوچھا کہ آپ کا نام کیا ہے؟ اس نے جوابا کہا ”ہری رام سنگھ“ حالانکہ اس کا اصل نام ”سلطان“ تھا۔پھر جماعت والے ایک ساتھی نے دعوت دینا شروع کی اور کہا” ہم سب نے کلمہ پڑھا ہے لاالہ الا اللہ محمد الرسول اللہ“ اس شخص نے آگے سے کہا ”میں نے نہیں پڑھا“یا ”میں نہیں پڑھتا“ اب سوال یہ ہے کہ کیا یہ شخص دائرہ اسلام سے نکل گیا ہے؟ بعض علماء نے تو فرمایا ہے کہ تجدید ایمان و نکاح کرے۔

جواب

الجواب حامداً ومصلیاً

اگر کوئی شخص مذکورہ قسم کے کلمات دل سے کفر کا اعتقاد و التزام کرتے ہوئے کہے تو وہ دائرہ اسلام سے نکل جاتا ہے اور اس کے لیے تجدیدایمان و نکاح لازمی ہوتا ہے، جبکہ صورت مسئولہ میں ظاہراً معلوم ہوتا ہے کہ اس شخص نے یہ کلمات تبلیغی جماعت والوں سے کنارہ کشی کرتے ہوئے کہے ہیں، دل سے کفر کا ارادہ نہ تھا، لہذا یہ شخص دائرہ اسلام سے خارج نہیں ہوا ۔
تاہم اس کا یہ عمل انتہائی سخت گناہ کا موجب ہے۔ ایسا گناہ بسا اوقات کفر تک پہنچانے کا سبب بن جاتا ہے، لہذا کثرت سے توبہ و استغفار کرنا چاہیےاور کلمات چونکہ انتہائی سنگین ہیں اس لیے احتیاطا تجدید ایمان و نکاح کرلینا چاہیے۔

لما فی الفتاوی الھندیة:(2/274،رشیدیة)
إذا قال لآخر قل لا إله إلا الله، فقال: لا أقول فقال بعض المشايخ هو كفر، وقال بعضهم: إن عنى به لا أقول بأمرك لا يكفر
وفیہ ایضاً:(2/283،رشیدیة)
ما كان في كونه كفرا اختلاف فإن قائله يؤمر بتجديد النكاح وبالتوبة والرجوع عن ذلك بطريق الاحتياط …إذا كان في المسألة وجوه توجب الكفر، ووجه واحد يمنع، فعلى المفتي أن يميل إلى ذلك الوجه
وفی المحیط البرھانی:(7/417،بیروت)
اذا قال لآخر قل لا إلہ الا اللہ فقال لا أقول فقال بعض المشائخ رحمھم اللہ تعالی ھو کفر و قال بعضھم ان عنی بہ أنی لا اقول بأمرک لا یکفر و قال بعضھم لا یکفر مطلقا اذ الفرض و المطلوب ذکر کلمۃ الاخلاص مطلقا
وکذافی التاتارخانیة:(7/281،فاروقیة)
وکذافی خلاصة الفتاوی:(4/382،رشیدیة)
وکذافی مجمع الأنھر:(2/509،المنار)
وکذافی الفتاوی الولوالجیة:(419،مکتبة الحرمین)

واللہ اعلم بالصواب
فرخ عثمان غفرلہ ولوالدیہ
دارالافتاء جامعۃ الحسن ساہیوال
17/7/1442/2021/3/3
جلد نمبر:23 فتوی نمبر:153

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔