سوال

مسماۃ عارفہ بانوزوجہ عبد الرزاق میمن کے پاس جو اپنی ذاتی ملکیت ہے، اسے اپنی اولاد میں تقسیم کرنا چاہتی ہےتو شرعاًاس کا کیا حکم ہے؟ جبکہ مسماۃعارفہ بانو کی کل اولاد میں تین بیٹے:عبدالکریم،عبد السلام،فہداور چار بیٹیاں ہیں: مسماۃ قمرالنساء، مسماۃشہنیلا،مسماۃانیلااور چوتھی مسماۃ حنیفہ موجود ہیں،مسماۃعارفہ بانو چاہتی ہیں کہ اپنی ملکیت زندگی میں اولاد کے اندر تقسیم کردے، تاکہ ہر قسم کے تنازع واختلاف سے بچاجا سکے،قرآن وحدیث سے اس کا جواب دیں۔

جواب

الجواب حامداً ومصلیاً

زندگی میں ہر شخص اپنی جائیداد کا مالک ومختار ہوتا ہے،اس میں کسی وارث کا حق نہیں ہوتا،اگروالدہ اپنی زندگی میں اپنی جائیداد تقسیم کرنا چاہتی ہے تو یہ ہدیہ ہے،انہیں اپنے لیے بھی ضرور کچھ رکھ لینا چاہیےتاکہ کسی کا محتاج نہ بننا پڑھ جائے،اپنے لیے کچھ رکھنے کے بعدباقی جائیداد کو اولاد میں برابرتقسیم کرنا افضل ہے،بلا وجہ کمی زیادتی نہیں کرنی چاہیے،البتہ اگر اولاد میں سے کوئی والدہ کا زیادہ فرمانبردار ہو یا مالی اعتبار سے زیادہ کمزور ہویا دینی کاموں میں مصروف ہوتو والدہ اس کو دوسروں سے زیادہ دے سکتی ہے،بشرطیکہ دوسروں کو نقصان پہنچانے کی نیت نہ ہو۔اگر کسی وجہ سے برابر تقسیم کرنا ممکن نہ ہوتو میراث کی ترتیب کے مطابق تقسیم کرنے کی گنجائش بھی ہے۔

لما فی الھندیة: ( 4/391  ،رشیدیہ )
ولو وھب رجل شیئاًلاولادہ فی الصحۃ واراد تفضیل البعض علی البعض فی ذلک لا روایۃ لھذا فی الاصل عن اصحابناوروی عن ابی حنیفۃ انہ لا باس بھ اذا کان التفضیل لزیادۃ فضل لہ فی الدین وان کانا سواء یکرہ،وروی المعلی عن ابی یوسف انہ لاباس بہ اذا لم یقصد بہ الاضرار وان قصد بھ الاضرار سوی بینھم یعطی الابنۃمثل ما یعطی للابن وعلیہ الفتوی
وفی الفقہ الحنفی ( 2/392  ،طارق )
ولا باس بتفضیل بعض الاولاد فی المحبۃ لانھا عمل القلب ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ وکذا فی العطایا ان لم یقصد بھ الاضرار،وان قصد بھ الاضرار یسوی بینھم ویعطی البنت کالابن وھو قول ابی یوسف وعلیہ الفتوی
وکذافی الدر المختار مع رد المحتار : ( 6/ 682 ،رشیدیہ )          وکذا فی البحر الرائق : (7 /490  ،رشیدیہ )
 وکذافی خلاصة الفتاوی : ( 4/ 400 ، رشیدیہ )                          وکذا فی فتاوی قاضیخان : ( 3/279  ، رشیدیہ)
 وکذافی الفتاوی الولوالجیة: (3 /133  ،الحرمین شریفین )            وکذا فی الفتاوی التاتارخانیة : (14 /462  ،فاروقیہ )

واللہ اعلم بالصواب

محمد مجیب الرحمان

دارالافتاء جامعۃ الحسن ساہیوال

19/8/1444/12/3/2023

جلد نمبر : 29 فتوی نمبر : 99

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔