الجواب باسم ملہم الصواب
ٹیک لگا کر سونے کی متعدد صورتیں ہیں،بعض صورتوں میں وضو ٹوٹ جاتا ہے اور بعض میں نہیں ،ان کی مکمل تفصیل” عمدۃ الفقہ “میں اس طرح ہے ۔
”سونے والے کی تیرہ حالتیں ہیں ان میں سے تین حالتیں وضوکو توڑنے والی ہیں وہ یہ ہیں :1۔کروٹ یا چت یا پٹ سونا ،2۔ایک سرین پر سونا ،3۔دیوار یا ستون یاآدمی وغیرہ کے سہارے سونا کہ اگر سہارا ہٹا لیا جائے تو سونے والا گر پڑے ۔اور دس صورتوں میں وضونہیں ٹوٹتا وہ یہ ہیں :1۔دو زانوں بیٹھے ہوئے ، 2۔چار زانوں یعنی چوکڑی مار کر بیٹھے ہوئے ،3۔دونوں پاؤں ایک طرف نکال کر دونوں سرین زمین پر رکھے ہوئے ،4۔دونو ں گھٹنے کھڑے کیے ہوئے اور دونوں سرین زمین پر رکھے ہوئے،5۔دونوں ایڑیو ں پر دونوں سرین رکھے ہوئے ،6۔جانور کی ننگی پیٹھ پر سوار ہو کر (سوائے ننگی پیٹھ پر سوار ہو کر اترائی کی طرف جانے کے کہ اس صورت میں وضوٹوٹ جائے گا)،7۔پید ل چلتے ہوئے ،8۔قیام ،9۔رکوع ، 10۔سجدے کی حالت میں “۔(عمدۃ الفقہ :1/155،زوار اکیڈمی )
واللہ تعالی اعلم بالصواب
حافظ عبدالرحیم عفی عنہ ووالدیہ
دارالافتاءجامعۃ الحسن ساہیوال
17/7/1440،2019/3/25
جلد نمبر :18 فتوی نمبر:95